RCCI اور FBR کی طرف سے Jazz کو ٹیکس ادائیگی میں بہترین کمپنی کا ایوارڈ

​اسلام آباد – 15 اکتوبر 2021: Jazz کو ایف بی آر اور راولپنڈی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) کے اشتراک سے منعقدہ افتتاحی ٹیکس پیئر ریکگنیشن ایوارڈ (Taxpayer Recognition Award) میں بڑے ٹیکس دہندگان کے زمرے (ملک بھر میں سب سے بڑا ودہولڈنگ ایجنٹ) کے تحت ‘بہترین ٹیکس ادا کرنے والی کمپنی’ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے Jazz کے چیف ریگولیٹری اور کارپوریٹ افیئرز آفیسر سید فخر احمد کو ایوارڈ دیا۔

​سال 2020 میں، Jazz نے کارپوریٹ ٹیکس، ایڈوانس ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، سیلز ٹیکس اور امپورٹ/کسٹم ڈیوٹی کی مد میں قومی خزانے میں کل 65 ارب روپے ٹیکس جمع کرایا۔ پچھلے دو سالوں میں، Jazz نے دیہی اور نیم شہری علاقوں میں 4G نیٹ ورک کی توسیع کے لیے 560 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی۔

​اس موقع پر بات کرتے ہوئے، سید فخر احمد نے کہا، “اپنے قیام کے بعد سے، Jazz نے مقامی ٹیلی کام انڈسٹری میں 9.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ گزشتہ پانچ سالوں (2016 سے 2020) کے دوران ٹیکس کی مد میں قومی خزانے کو 255 ارب روپے ادا کیے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ آج قومی محصول اور ٹیکس وصولی میں ہماری شراکت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں کو اعزازات دینے کی یہ تقریب جو معاشی نمو اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے اپنی ٹیکس ذمہ داریوں کو بخوبی نبھا رہی ہیں، خوش آئند ہے کیونکہ اس سے مقامی طور پر ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا۔‘‘

یہ ایوارڈ Jazz کی پاکستان سے وابستگی اور اس کے کاروباری طریقوں کی توثیق کا عکاس ہے۔ موبائل آپریٹر منصفانہ اور ایسے ٹیکس سسٹم کی ضرورت پر زور دیتا ہے جس میں احتساب کے عمل کے ساتھ وہ ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دے۔​

اس افتتاحی ایوارڈ کی تقریب کا مقصد ملک بھر کے سب سے بڑے ٹیکس دہندگان کا اعتراف کرنا ہے، جو بڑے پیمانے کے ساتھ ساتھ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں سے بھی آتے ہیں۔ RCCI کا ماننا ہے کہ ان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے سے دیگر کارپوریشنوں کو بھی اس کی پیروی کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔​

وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو، آر سی سی آئی کے صدر چوہدری ندیم اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔​