Jazz نے جیکب آباد ، شکارپور اور کشمور میں فورجی سروسز کےلیے یو ایس ایف کے ساتھ اشتراک کرلیا

​جیکب آباد ، 24 مئی 2021: پاکستان کے نمبرون فورجی آپریٹر اور سب سے بڑے انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے والے ادارے Jazz نے سندھ کے اضلاع جیکب آباد ، شکار پور اور کشمور میں فورجی سروسز فراہم کرنے کےلیے یونیورسل سروس فنڈ کے ساتھ اشتراک کرلیا ۔ معاہدے پر دستخط یو ایس ایف کے سی ای او حارث محمود چودھری اور سی ای او Jazz عامر ابراہیم نے کیے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق ، وفاقی وزیر ڈویلپمنٹ ، پلاننگ اور ریفارمز اینڈ سپیشل اینی شی ایٹو ، اسد عمر ، اور وفاقی وزیر برائے نجکاری میاں محمد سومرو اس موقع پر موجود تھے ۔

Jazz کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ Jazz نے گزشتہ دوسال کے دوران چھیالیس کروڑ بیس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو زیادہ تر دیہی اور نیم شہری علاقوں میں فورجی کی توسیع اور ڈیجیٹل تقسیم میں پل بننے کےلیے کی گئی کیونکہ ہم ڈیجیٹل پاکستان وژن کےلیے حکومت کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں ۔ آج ساٹھ فیصد کے قریب آبادی کے پاس Jazz کے فورجی نیٹ ورک تک رسائی ہے ۔ اس معاہدے کے تحت ، Jazz ، یو ایس ایف کے ساتھ اشتراک سے تین اضلاع کے دس لاکھ سے زائد نظرانداز ہونے والے افراد کو ہائی سپید موبائل براڈ بینڈ فراہم کرے گا جس سے ان کےلیے سماجی و اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے اور ان کی زندگیوں میں بہتری آئے گی ۔ ​

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہا کہ آئی ٹٰی و ٹیلی کمیونیکیشنز کی وزارت نے گزشتہ دو سال کے دوران سندھ میں نیٹ ورک کوریج کی بہتری اور متعدد آپیٹکل فائبرکیبل کے ساتھ ، ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے آٹھ ارب اڑتالیس کروڑ مالیت کے نو منصوبے شروع کیے ہیں ۔ ان منصوبوں کی تکمیل صوبے کے انیس اضلاع میں ایک کروڑ ستتر لاکھ افراد کو سہولتیں مہیا کرے گی ۔ اس وقت انیس سو کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جارہی ہے جو شہریوں کو ہائی سپیڈ انٹرنیٹ تک رسائی کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں ، صحت کے مراکز ،اور کاروباری اداروں کو خدمات فراہم کرے گی ۔۔ ​

​تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر اور محمد میاں سومرو نے صوبہ سندھ میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کرنے پر سید امین الحق کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کا مقصد ڈیجیٹلائزیشن اور ملک بھر میں نیٹ ورکنگ کے عمل کو مکمل کرنا ہے اور قوم کا ڈیجیٹل دنیا سے ربط قائم کرنا ہے ،چاہے وہ کراچی کے پسماندہ علاقے ہوں یا اندرون سندھ کے دیہی علاقے ہوں ۔ ہم تمام صوبوں کو برابر ترجیح دیتے ہیں ۔

یو ایس ایف کے سی ای او حارث محمود چودھری نے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے انفارمیشن اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹیز) کے فوائد ، صوبوں ، علاقوں، زبانوں اور سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر پاکستان کے ہر کونے تک پہنچانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ۔ یہ پراجیکٹ تین اضلاع کے تین ہزار نو سو چھیانوے مربع کلومیٹر میں دو سو اکہتر پسماندہ موضع جات کی دس لاکھ نو ہزار محروم آبادی کو فائدہ پہنچائے گا ۔ یہ منصوبہ بارہ ماہ میں مکمل ہوگا ۔​

تقریب سے پہلے عامر ابراہیم نے سکھر میں مقامی ملازمین سے ملاقات کےلیے Jazz کی فرنچائز اور موبائل مارکیٹ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی صارفین کے ساتھ بھی بات چیت کی تاکہ ان کی ضروریات سے متعلق مزید آگاہی حاصل کی جاسکے ۔​