لاہور ، ستائیس اپریل دوہزار بیس : Jazz بزنس ، جو کمپنی کی بزنس سروس ڈویژن ہے ، منسٹرز ڈیلیوری یونٹ محکمہ صحت پنجاب ، اور ذہنی صحت کا تحفظ فراہم کرنے والی غیرمنافع بخش تنظیم ‘‘مائنڈ آرگنائزیشن’’ کووڈ نائنٹین ویل بیئنگ ہیلپ لائن ‘‘ ذہنی صحت ہیلپ لائن ’’ شروع کرنے کےلیے اکٹھے ہوئے ہیں ۔ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایم ڈی یو آفس میں ایک تقریب کے دوران منصوبے کا افتتاح کیا ۔
ایسے لوگ جو ملک میں وائرس کا پھیلاو روکنے کےلیے ہونے والے لاک ڈاونز کی وجہ سے ذہنی مسائل کا شکار ہوئے ہوں وہ یہ نمبر ڈائل کرکے 0304-1110116 کوالیفائیڈ ماہر نفسیات یا ماہر ذہنی صحت سے سپورٹ اورمشورے کےلیے بات کرسکتے ہیں ۔ یہ ہیلپ لائن Jazz بزنس کی جانب سے بنائی گئی ہے اور یہ کال کرنے والے تمام لوگوں کےلیے مفت مشورے کی سہولت ہے ۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہم مریضوں اور ان کی فیملیز اور ان تمام عام لوگوں پر جو اپنے گھروں میں محصور ہیں ، ان پر کورونا بیماری کا ایک واضح نفسیاتی اثر دیکھ رہے ہیں ۔ ہمارے سماج میں ذہنی تناو کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے نفسیاتی سپورٹ کے پلیٹ فارم کا قیام وقت کی ضرورت تھی اور میں تمام پارٹنرز کی شکر گزار ہیں جنہوں نے آگے بڑھ کر یہ ہیلپ لائن قائم کی ۔ ایسے وقت میں عموماً ذہنی صحت کے مسائل کو نظرانداز کیا جاتا ہے ، اس لیے ہم یقین رکھتے ہیں کہ یہ ان کےلیے ایک اہم اقدام ہے جو دباو محسوس کررہے ہیں ۔ ہیلپ لائن پر موجود ٹیم آپ کی بات سنے گی ، اور ماہرانہ مشورہ دے گی ۔ میں آپ سے کہتی ہوں کہ اس ہیلپ لائن پر کال کریں اور وہ نفسیاتی سپورٹ اور تحفظ حاصل کریں جس کی آپ کو ضرورت ہے ۔
پاکستان ، دنیا بھر کی طرح ، کووڈ نائنٹین کو کنٹرول کرنے کےلیے دباو میں ہے ، اور سخت لاک ڈاون کے تحت لوگوں کو ان کے گھروں تک محدود کیا گیا ہے ۔ جیسا کہ لوگوں کی بڑی تعداد ممکنہ یا تصدیق شدہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث آئسولیشن میں گئی ہے ، ماہرین بشمول ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اس بات پر متفق ہیں کہ لوگوں کی ذہنی صحت پر اس وبا کے اثرات کو زیرغور لایا جائے ۔
Jazz کے چیف بزنس آفیسر سید علی نصیر نے کہا کہ زندگی کا یہ نیا پہلو ہم سب کےلیے سمجھنا مشکل ہے ، اس لیے ہمیں اپنی فیملیز اور دوستوں سے جسمانی طور پر فاصلہ رکھنے کے کچھ نفسیاتی اثرات درپیش ہیں۔ اگرچہ حکومت اور صحت کے اداروں کی جانب سے تجویز کردہ یہ حفاظتی اقدامات اہم ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت بھی اہم ہے ۔ اسی وجہ سے ہم لاکھوں پاکستانیوں کی ذہنی صحت کےلیے مفت مشوروں کی فراہمی کے سلسلے میں مائنڈ آرگنائزیشن اور حکومت پنجاب کو سپورٹ کررہے ہیں ۔ ہم ان مشکل حالات سے نبرد آزما ہونے اور ان میں ایڈجسٹ کرنے کےلیے ، آپ کی خدمت کےلیے حاضر ہیں۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے ، موبائل آپریٹرز اپنے وسائل اور مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کوششوں میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جو حکومت ، محکمہ صحت کے حکام ، اورمیڈٰیکل انسٹی ٹیوٹس کی جانب سے کی جارہی ہیں ۔ معاشرے کے کمزور طبقات کا تحفظ بھی کیا جارہا ہے ۔ اس مقصد کےلیے کمپنی نے حال ہی میں ملک کی کووڈ نائنٹین کے خلاف لڑائی میں معاونت کےلیے ایک ارب بیس کروڑ روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے ۔
مائنڈ آرگنائزیشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سعد بشیر ملک نے کہا کہ یہ بات عالمی سطح پر تسلیم کی گئی ہے ذہنی دباو لوگوں کی قوت مدافعت پر شدت سے اثر انداز ہوتا ہے ، جب ہم یہ لڑائی لڑنے کےلیے تیار ہیں تو یہ ضروری ہے کہ قوت مدافعت اپنی بہترین سطح پر ہو ۔ یہ ہیلپ لائن کورونا وبا کے خلاف ایک نفسیاتی ہتھیار کے طور پر مدد گار ہوگی ۔ یہ سروس پیر سے ہفتہ تک صبح نوبجے سے شام پانچ بجے تک دستیاب رہے گی۔