Jazz اور یو ایس ایف ، جنوبی وزیرستان کی ڈیجیٹل تقسیم کا خلا پر کریں گے

پشاور ، بارہ ستمبر دوہزار انیس : پسماندہ علاقوں میں موبائل تک رسائی بنانے کےلیے ، Jazz کے ساتھ اپنی شراکت داری جاری رکھتے ہوئے ، یونیورسل سروس فنڈ نے پاکستان کی سرکردہ ڈیجیٹل کمیونیکشنز کمپنی کو نو کروڑ روپے کا ایک نیا ٹھیکہ دیا ہے۔ یہ ٹھیکہ جنوبی وزیرستان میں ‘‘براڈ بینڈ فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ’’ کے تحت دیا گیا ۔ اس مقصد کےلیے یو ایس ایف ، سی ای او حارث محمود چودھری اور Jazz چیف کارپوریٹ اینڈ انٹرپرائز آفیسر سید علی نصیر کے درمیان دستخط کی ایک تقریب ہوئی ، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکشنز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ ​

اس معاہدے کے حصے کے طور پر Jazz جنوبی وزیرستان کے لوگوں کےلیے موبائل فون سہولت تک رسائی کےلیے کام کرے گا ۔ منصوبے کا تصور یہ ہے کہ ملک بھر ، خاص طور پر دور دراز کے علاقوں میں قابل اعتماد اور سستی سیلولر سروسز فراہم کی جائیں ۔ ​

​تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یو ایس ایف نے پاکستان کے پسماندہ اور محروم علاقوں میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی بہتری کےلیے کئی پراجیکٹس شروع کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو آگے لے جانے کےلیے یو ایس ایف اپنے پراجیکٹس کے ذریعے اب جنوبی وزیرستان کے لوگوں کوبااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ بدقسمتی سے جنوبی وزیرستان کے مقامی باشندے ماضی میں دہشتگردی کا نشانہ بنے اور اب وہ ان تمام مواقع کے حقدار ہیں جو قبل ازیں انہیں میسر نہیں آسکے ۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے چار سو گیارہ موضع جات میں چھ لاکھ چالیس ہزار کی آبادی کو خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے یو ایس ایف اور Jazz کی ٹیموں کو ایسا بے مثال کام کرنےاور اس لینڈ مارک کو حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی ۔

​یو ایس ایف کے سی ای او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایف کی یہ تمام کامیابیاں ، حکومت پاکستان کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوئی ہیں ۔۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان عمران خان ، وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی اور یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز ، ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کےلیے مشعل بردار رہے ہیں اور یو ایس ایف کو ملک کے لوگوں کی زندگیاں بدلنے کے قابل بنایا۔ سی ای او نے مزید کہا کہ انہوں نے یو ایس ایف کو بے مثال تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کی جس کے بغیر یہ سب کچھ حاصل نہیں کیا جاسکتا تھا ۔

​اس منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے سید علی نصیر نے کہا کہ ، ہمارا یو ایس ایف کے ساتھ اشتراک ، موجودہ ڈیجیٹل تقسیم میں پل کا کردار ادا کرنے سے متعلق ہمارے ایجنڈے کے تناظر میں ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ یہ منصوبہ ہمارے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے اور مقررہ وقت میں ان علاقوں کے چھ لاکھ چالیس ہزار افراد ملک کی تیز ترین موبائل سروسز تک رسائی حاصل کرلیں گے ۔ Jazz ان لوگوں کو تیزی سے باہمی طور پر جڑتی ہوئی دنیا میں ، ان کی صلاحتیں سامنے لانے کےلیے ، معاونت فراہم کرنے کا ارادہ کیے ہوئے ہے ۔

اس منصوبے کی تکمیل کےلیے Jazz ، چار سو گیارہ پسماندہ موضع جات کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر ، جدید سروسز فراہم کرتے ہوئے ، شہری اور دیہی تقسیم میں موجود خلا کو پر کرے گا ۔​

اس سال فروری میں یو ایس ایف نے Jazz کو شمالی وزیرستان ڈسٹرکٹ ، فرنٹیئر ریجن بنوں اور فرنٹیئر ریجن لکی مروت کے لوگوں کو سیلولر سروسز فراہم کرنے کےلیے انیس کروڑ بیس لاکھ روپے کا ٹھیکہ دیا ۔​